عالمی برادری سے مل کر دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے:الجبیر
ریاض،19؍جولائی(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)سعودی عرب کے وزیر خارجہ عادل الجبیر نے کہا ہے کہ خلیجی ممالک اور یورپی یونین کے درمیان تاریخی دوستانہ تعلقات بدستور قائم ہیں۔ دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف جاری جنگ میں خلیجی ممالک عالمی اور علاقائی قوتوں کے ساتھ مل کر جدوجہد جاری رکھیں گے۔ سعودی وزیر خارجہ نے ان خیالات کا اظہار برسلز میں یورپی یونین کی وزیرخارجہ فیڈریکا موگرینی کے ہمراہ ایک مشترکہ نیوز کانفرنس سے خطاب میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ خطے میں دہشت گردی کا مسئلہ شام کے مسئلے کے حل سے وابستہ ہے۔ سعودی عرب شام کی اعتدال پسند قوتوں کی مدد اور داعش کے خلاف جنگ جاری رکھے گا۔
یمن میں قیام امن سے متعلق ایک سوال کے جواب میں سعودی وزیر خارجہ نے واضح کیا کہ یمن کے بحران کا حل عالمی قراردادوں پرعمل درآمد میں مضمر ہے۔ الجبیر کا کہنا تھا کہ یمن کے لیے اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی کے ساتھ بدستور تعاون جاری رکھے ہوئے ہیں۔ جنگ کے خاتمے فوری بعد ہم یمن کی تعمیر نو کا آغاز کریں گے۔اس موقع پر یورپی یونین کی وزیرخارجہ موگرینی نے کہاکہ ہم سعودی عرب کی طرف سے زندگی کے مختلف شعبوں میں تعاون کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ انہوں نے بھی داعش کے خلاف جنگ جاری رکھنے کے لیے باہمی تعاون برقرار رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے یمن میں جنگ کے خاتمے کے لیے سعودی عرب کی طرف سے مذاکرات کی مساعی کا بھی خیر مقدم کیا۔